کیا اسلام فطرت پر مبنی دین ہے؟

جی ہاں، اسلام فطرت پر مبنی دین ہے، کیونکہ یہ اللہ کی طرف سے اتری ہوئی وہ ہدایت ہے جو انسان کی اصل سرشت اور پیدائشی میلان سے مطابقت رکھتی ہے۔
سرشت کا مطلب ہے کہ اصل خمیر، وہ بنیادی ساخت یا طبیعت جس پر انسان کو بنایا گیا ہے۔ یعنی انسان کی وہ اندرونی حقیقت جو اللہ نے اس کی پیدائش میں رکھی۔

اور پیدائشی میلان کا مطلب یہ ہے کہ وہ جھکاؤ یا رجحان جو انسان کے اندر پیدائش سے موجود ہوتا ہے، مثلاً سچائی کو پسند کرنا، ظلم سے نفرت کرنا، اور خالق کی تلاش کرنا۔
اسلام کسی غیر فطری جبر یا مصنوعی طریقے پر نہیں بلکہ انسان کی باطنی و جسمانی فطرت کے عین مطابق ہے۔ فرمایا کہ

فَاَقِمْ وَجْهَكَ لِلدِّيْنِ حَنِيْفًا فِطْرَتَ اللّٰهِ الَّتِيْ فَطَرَ النَّاسَ عَلَيْهَا لَا تَبْدِيْلَ لِخَلْقِ اللّٰهِ ۭ ذٰلِكَ الدِّيْنُ الْـقَيِّمُ وَلٰكِنَّ اَكْثَرَ النَّاسِ لَا يَعْلَمُوْنَ۝
پس آپ اپنا رخ یکسوئی کے ساتھ دین کی طرف رکھو، وہ دین جو اللہ کی بنائی ہوئی فطرت ہے جس پر اس نے لوگوں کو پیدا کیا، اللہ کی تخلیق میں کوئی تبدیلی نہیں۔ یہی سیدھا دین ہے، لیکن اکثر لوگ نہیں جانتے۔
(الروم: 30)

یہ آیت بتاتی ہے کہ دین اسلام اللہ کی بنائی ہوئی فطرت کے عین مطابق ہے۔ اگر انسان اپنی فطرت کو بگاڑ نہ دے تو وہ لازماً اسلام کی طرف مائل ہوگا۔ سابقہ امتیں جب اپنی فطرت سے ہٹ گئیں تو کبھی بتوں کے آگے جھکیں اور کبھی انسانوں کو معبود بنا بیٹھیں، یہ فطرت سے انحراف ہی ان کی گمراہی کا سبب بنا۔

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا
مَا مِنْ مَوْلُودٍ إِلَّا يُولَدُ عَلَى الْفِطْرَةِ ، فَأَبَوَاهُ يُهَوِّدَانِهِ ، وَيُنَصِّرَانِهِ ، كَمَا تُنْتِجُونَ الْبَهِيمَةَ هَلْ تَجِدُونَ فِيهَا مِنْ جَدْعَاءَ ؟ حَتَّى تَكُونُوا أَنْتُمْ تَجْدَعُونَهَا
کوئی بچہ ایسا نہیں ہے جو فطرت پر نہ پیدا ہوتا ہو۔ لیکن اس کے والدین اسے یہودی یا نصرانی بنا دیتے ہیں جیسا کہ تمہارے جانوروں کے بچے پیدا ہوتے ہیں۔ کیا ان میں کوئی کان کٹا پیدا ہوتا ہے؟ وہ تو تم ہی اس کا کان کاٹ دیتے ہو۔

 صحيح البخاري:كتاب القدر: باب الله أعلم بما كانوا عاملين:6599

یعنی اصل بنیاد اسلام ہی ہے، باقی مذاہب بعد کی بگاڑ ہیں۔ انسان اپنی فطرت کے مطابق صرف اللہ کی بندگی کرے، اور غیر اللہ کی عبادت کو فطرت کے خلاف سمجھے۔ اسلام ہی وہ دین ہے جو انسان کے جسم، عقل اور روح سب کی فطرت کو مطمئن کرتا ہے باقی ادیان اسکو مجروح کرتے ہیں۔

تلاش کریں