کیا مغربی فلسفہ اسلامی عقائد سے متصادم ہے؟

جی ہاں، مغربی فلسفہ اپنی بنیاد میں اسلامی عقائد سے متصادم ہے، کیونکہ اس کی جڑ عقل اور مادہ پرستی ہے، جبکہ اسلام کی بنیاد وحی اور توحید ہے۔ مغربی فلسفہ میں اللہ کے وجود، نبوت اور آخرت جیسے بنیادی عقائد کو عقل کی کسوٹی پر پرکھنے کی کوشش کی جاتی ہے، اور بعض مکاتبِ فکر تو اللہ کے ہی منکر ہیں۔ اسلام میں یہ تمام حقائق وحی سے ثابت اور قطعی ہیں۔

فَاِنْ لَّمْ يَسْتَجِيْبُوْا لَكَ فَاعْلَمْ اَنَّمَا يَتَّبِعُوْنَ اَهْوَاۗءَهُمْ وَمَنْ اَضَلُّ مِمَّنِ اتَّبَعَ هَوٰىهُ بِغَيْرِ هُدًى مِّنَ اللّٰهِ اِنَّ اللّٰهَ لَا يَهْدِي الْقَوْمَ الظّٰلِمِيْنَ
پھر اگر یہ لوگ آپ کی بات قبول نہ کریں تو آپ سمجھ جائیں کہ یہ لوگ محض اپنی خواہشات کے پیچھے چل رہے ہیں۔ اور اس شخص سے بڑھ کر کون گمراہ ہوگا جو اللہ کی ہدایت و راہنمائی کے بغیر اپنی خواہش کے پیچھے چلے؟ یقینی بات ہے کہ اللہ تعالیٰ ایسے ظالم لوگوں کو ہدایت نہیں دیتا۔ (القصص: 50)
بنی اسرائیل اور بعد کی قوموں نے جب عقل و فلسفے کو وحی پر مقدم کیا تو کبھی عقیدہ تثلیث گھڑ لیا، کبھی اللہ کو کائنات میں حلول کرنے والا مان لیا، اور کبھی دہریت و الحاد کو اختیار کر لیا۔ یہ سب وحی سے منہ موڑنے کا نتیجہ تھا۔

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا
فَإِنَّ خَيْرَ الْحَدِيثِ كِتَابُ اللهِ. وَخَيْرُ الْهُدَى هُدَى مُحَمَّدٍ . وَشَرُّ الْأُمُورِ مُحْدَثَاتُهَا . وَكُلُّ بِدْعَةٍ ضَلَالَةٌ
ے شک سب سے بہترین کلام اللہ کی کتاب ہے، اور سب سے بہترین طریقہ محمد ﷺ کا طریقہ ہے، اور بدترین امور وہ ہیں جو دین میں نئی نئی باتیں ایجاد کی جائیں، اور ہر بدعت گمراہی ہے۔
صحيح مسلم – كتاب الجمعة – باب تخفيف الصلاة والخطبة:867

توحید کا تقاضا یہ ہے کہ عقائد کو صرف وحی پر قائم رکھا جائے۔ فلسفہ اگر وحی کے تابع نہ ہو تو گمراہی ہے، چاہے وہ مشرقی ہو یا مغربی۔ مسلمان کے لیے وحی کو معیار ماننا ایمان ہے اورمحض فلسفے کو معیار بنانا گمراہی۔

تلاش کریں