نبی ﷺ نے فرمایا :
تَسَمَّوْا بِاسْمِي وَلاَ تَكْتَنُوا بِكُنْيَتِي، وَمَنْ رَآنِي فِي المَنَامِ فَقَدْ رَآنِي، فَإِنَّ الشَّيْطَانَ لاَ يَتَمَثَّلُ فِي صُورَتِي، وَمَنْ كَذَبَ عَلَيَّ مُتَعَمِّدًا فَلْيَتَبَوَّأْ مَقْعَدَهُ مِنَ النَّارِ»
( صحیح بخاری، کتاب العلم، بَابُ إِثْمِ مَنْ كَذَبَ عَلَى النَّبِيِّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ)
’’ میرا نام رکھ لو، مگر میری کنیت (جو ابوالقاسم ہے) نہ رکھو اور جس شخص نے مجھے خواب میں دیکھا تو یقیناً اس نے مجھے دیکھاکیونکہ شیطان میری صورت نہیں بناسکتا اور جو شخص عمداً میرے اوپر جھوٹ بولے تو اسے چاہیے کہ اپنا ٹھکانا جہنم میں تلاش کرے۔‘‘
ابو ہریرہ ؓ فرماتے ہیں:
سَمِعْتُ النَّبِيَّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ: «مَنْ رَآنِي فِي المَنَامِ فَسَيَرَانِي فِي اليَقَظَةِ، وَلاَ يَتَمَثَّلُ الشَّيْطَانُ بِي» قَالَ أَبُو عَبْدِ اللَّهِ: قَالَ ابْنُ سِيرِينَ: «إِذَا رَآهُ فِي صُورَتِهِ»
( صحیح بخاری، کتاب التفسیر، بَابُ مَنْ رَأَى النَّبِيَّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي المَنَامِ )
’’میں نے نبیﷺ کو فرماتے ہوئے سنا کہ جس نے مجھے خواب میں دیکھا تو عنقریب مجھے حالت بیداری میں دیکھے گا اور شیطان میری صورت میں نہیں آسکتا ابوعبداللہ (بخاری) نے بیان کیا کہ ابن سیرین نے کہا کہ جب آپ کو آپ کی صورت میں دیکھے۔‘‘
ان احادیث سے جو باتیں ثابت ہوتی ہیں وہ اس طرح ہیں :
• جس نے نبی ﷺ کو خواب میں دیکھا اس نے یقیناً نبی ﷺ ہی کو دیکھا۔
• اور وہ شخص عنقریب حالت بیداری میں بھی نبی ﷺ کو دیکھے گا۔
• اور یہ کہ شیطان نبی ﷺ کی صورت اختیار نہیں کرسکتا۔
ان نکات کو غور سے پڑھیں تو یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ یہ بیان صحابہ کرام ؓ کے لئے تھا۔ صحابہ ؓ کو نبی ﷺ دور دور تبلیغ، دین سکھانے ، زکوٰۃ جمع کرنے یا جنگ کے لئے بھیجا کرتے تھے۔ تو یہ پیغام ان کے لئے تھا کہ اگر کبھی خواب کے ذریعے اللہ تعالیٰ ان تک کوئی بات پہنچانا چاہے تو یقین کرلینا وہ میں ہی ہوں کیونکہ اللہ تعالیٰ نے شیطان کو یہ اختیار نہیں دیا کہ وہ میرے شکل و صورت اختیار کر سکے۔ اس بات کو تقویت نبی ﷺ کے اس فرمان سے بھی ملتی ہے کہ ’’ تو عنقریب مجھے حالت بیداری میں دیکھے گا ‘‘۔ یعنی جب صحابہ ؓ مدینہ لوٹ کر آئیں گے تو نبی ﷺکو اپنی آنکھوں سے دیکھیں گے۔نیز اس روایت کے راوی ابن سیرین نے فرمایا کہ نبی ﷺکو خواب میں دیکھنے والی بات اسی وقت مصدقہ ہو سکتی ہے جب اس شخص نے نبی ﷺ کو اپنی اصل صورت میں دیکھا ہو۔
اب آج جو نبی ﷺ کو خواب میں دیکھنے کا دعویٰ کر رہے ہیں کیا ان میں سے کسی نے نبی ﷺ کو ان کی اصلی صورت و شکل میں دیکھا ہے ؟ یقینا نہیں تو پھر یہ کیسے پہچان سکیں گے کہ یہ نبی ﷺ ہی ہیں۔ شیطان کسی کو گمراہ کرنے کے لئے کسی اور انسان کی صورت دکھا دے اور کہے کہ یہ تمہارے نبی محمد ﷺ ہیں توکیا کوئی پیمانہ ہے اس کی تصدیق کا؟
یہاں ایک اور بات بھی مدنظر رکھیں کہ خواب کے بارے میں شیطان کو کیا اختیار دیا گیا ہے۔ نبی ﷺنے فرمایا:
الرُّؤْيَا الصَّالِحَةُ مِنَ اللَّهِ، وَالحُلْمُ مِنَ الشَّيْطَانِ، فَإِذَا حَلَمَ فَلْيَتَعَوَّذْ مِنْهُ
( صحیح بخاری، کتاب التعبیر ، بَابٌ: الرُّؤْيَا الصَّالِحَةُ جُزْءٌ مِنْ سِتَّةٍ وَأَرْبَعِينَ جُزْءًا مِنَ النُّبُوَّةِ )
’’ اچھا خواب اللہ کی جانب سے ہے اور برا خواب شیطان کی جانب سے جب برا خواب دیکھے تو اس سے (اللہ کی)پناہ مانگے‘‘۔
حدیث سے ثابت ہوا کہ کہ شیطان کوئی اچھی بات دکھا ہی نہیں سکتا، اچھے خواب کا اختیار صرف اللہ تعالیٰ کو ہے ، شیطان صرف برا خواب دکھا سکتا ہے۔