اللہ تعالیٰ نے قرآن میں واضح فرمایا کہ محبتِ رسول ﷺ کا اصل ثبوت صرف اطاعتِ رسول ﷺ ہے، صرف زبانی دعویٰ یا جذباتی وابستگی اُس وقت تک معتبر نہیں جب تک انسان عمل میں سنتِ نبویؐ کی پیروی نہ کرے۔
قُلْ إِن كُنتُمْ تُحِبُّونَ اللَّهَ فَاتَّبِعُونِي يُحْبِبْكُمُ اللَّهُ وَيَغْفِرْ لَكُمْ ذُنُوبَكُمْ وَاللَّهُ غَفُورٌ رَّحِيمٌ
کہہ دیجیے: اگر تم اللہ سے محبت رکھتے ہو تو میری پیروی کرو، اللہ تم سے محبت کرے گا اور تمہارے گناہ بخش دے گا، اور اللہ بہت بخشنے والا، نہایت مہربان ہے۔
(آلِ عمران: 31)
یہ آیت معیارِ محبت کو صرف اتباعِ رسول ﷺ قرار دیتی ہے۔ جو شخص محبت کا دعویٰ کرے مگر سنت سے منہ موڑے، وہ دراصل اپنے قول میں جھوٹا ہے۔
نبی ﷺ نے فرمایا
من رغب عن سنتي فليس مني
جس نے میری سنت سے بےرغبتی کی، وہ مجھ سے نہیں۔
(صحیح بخاری، حدیث: 5063)
محبتِ رسول ﷺ اُس وقت معتبر اور مقبول ہے جب وہ اطاعتِ رسول ﷺ کے ساتھ ہو، کیونکہ جو رسول ﷺ کے حکم پر نہیں چلتا، وہ اُن سے حقیقی محبت کا دعویدار نہیں بلکہ صرف الفاظ کا مدعی ہے۔